مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی ، کولگام میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید


سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کولگام میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کوشہید کر دیا ۔علاقہ فوجی کریک ڈاون میں ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ،کے پی آئی کے مطابق قابض فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کربت پورہ میں افطار ی کے قریب تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا ۔

تاہم پولیس نے دعوی کیا ہے کہ 2روز قبل چک صمد دمحال ہانجی پورہ میں شبانہ تصادم کے دوران جو 2 عسکریت پسند فرار ہوئے تھے ، وہی مارے گئے۔پولیس کے مطابق پیر کی شام انہیں کوریل آسنور منزگام ( دمحال ہانجی پورہ) میں 2 عسکریت پسندوں کی موجودگی کا علم ہوا جس کے بعد یہاں محاصرہ کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ عسکریت پسند ایک میوہ باغ میں موجود تھے اور جونہی شام کے 6بجے کے قریب انہیں 9آر آر اور 34آر آر کے علاوہ 18بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر گھیرے میں لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس کا دورانیہ مختصر رہا جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا اور تلاشی کارروائی کے دوران 2 عسکریت پسندوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔

انکی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کرنے کا دعوی کیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ضلع اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے دعوی کیا  کہ مارے گئے عسکریت پسندوں میں”ایک پاکستانی عسکریت پسند (کوڈ نام چاچا)اور ایک ہائبرڈ(عسکریت پسند) شامل ہیں۔آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے دعوی کیا کہ یہ وہی گروہ تھا جو گزشتہ ہفتے چک صمد علاقے میں ایک مختصر گولی باری کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔آئی جی پی نے مزید کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں تین پاکستانی عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسلح تصادم کے بعد محاصرہ نہیں ہٹایا گیا اور سیکورٹی فورسز کو شبہ ہے کہ یہاں کے میوہ باغات میں کمین گاہیں موجود ہوسکتی ہیں اور 2بلڈوزرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں،علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ،علاو ہ ازیں پولیس نے     سوپور میں لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے تین ملی ٹینٹوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ان کی شناخت طفیل احمد میر ولد عبدالمجید میر ساکن گنڈ محلہ، باراٹھ کلاں، اویس احمد میر ولد حسن میر ساکن میر محلہ، براٹھ کلاں اور شبیر احمد وگے ولد نذیر احمد وگے ساکن مسجد محلہ، پیٹھ بگ کے بطور ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بومئی میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے