پاکستان میں سانپ اور سیڑھی کا کھیل جاری ہے، امیر العظیم


لاہور(صبا ح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سانپ اور سیڑھی کا کھیل جاری ہے۔ سیڑھی دینے والا چاہے امریکا، اسٹیبلشمنٹ یا جنرنیل ہو اور ان کی منشا سے کمپورومائز کرنے والی پارٹیاں جب اقتدار میں آ کر اپنے آقا کی بات نہ مانیں، تو پھر وہ سیڑھی کھینچ لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیابان جناح میں میاں ظہور احمد وٹو کی رہائش گاہ پر افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میاں ظہور احمد وٹو، محمد اقبال آزاد و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ ایک اور وزیراعظم اپنی مدت پوری کیے بغیر ہٹا دیا گیا۔ ملک میں وزرائے اعظم میں کوئی بھی اپنی آئینی مدت پوری نہیں کر سکا۔ حکمران جب تک سہارے لے کر اقتدار میں آتے رہیں گے عدم اعتماد ختم نہیں ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہو، پیپلزپارٹی ہو یا پی ٹی آئی یہ ملک میں آرائشی اور فرمائشی اسلام کی بات تو کرتے ہیں، لیکن اتھارٹی والا اسلام کہ جس کے نفاذ سے ملک میں سود ختم ہو، قرآن و سنت کا نافذ ہو اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔ ایسا اتھارٹی والا اسلام انھیں قبول نہیں۔ اس معاملے میں تینوں بڑی پارٹیاں یک آواز، یک زبان اور یک جان ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو گا جب تک عوام صحیح اور غلط میں تمیز نہیں کریں گے۔ یہ ملک کی کتنی بدقسمتی ہے کہ جنھیں جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دیتے ہیں انھیں ہی جھولیاں بھر کے ووٹ بھی دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب تک پاکستانی قوم اپنا رویہ نہیں بدلے گی، پاکستان کی تقدیر نہیں بدلے گی۔ جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام اور نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔