پورے اخلاص کے ساتھ روزہ رکھنا اللہ کی خوشنودی کا باعث ہے، جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہے، اس میں زیادہ سے زیادہ قرب الٰہی حاصل کرنے کی جستجو کرنی چاہئے۔ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ اس نے رمضان جیسے مقدس مہینہ ہمیں دیا تاکہ ہم متقی اور پرہیز گار بن جائیں۔ پورے اخلاص کے ساتھ روزے رکھنے سے اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ روزہ ہمیں صبر اور جسمانی و روحانی پاکیزگی کی طرف مائل کرتا ہے۔ خود پر کنٹرول کرنا اور اپنی مرضی کو پس پشت ڈال کر اللہ کی رضا کے لیے خواہشات کو قربان کردینا ہی اس کا اصل مقصد ہے۔ روزہ اللہ کے لیے ہے اور اللہ تعالیٰ ہی اس کا ثواب دیں گے، ہمیں چاہئے کہ ہم قرآن کے ساتھ اپنا ناطہ مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی تہوار آتا ہے تو ملک کے اندر ناجائز منافع خوروں کی چاندنی ہوجاتی ہے۔ وہ دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنا شروع کردیتے ہیں۔ یہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی کمزور رٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلا ف سخت ترین تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پوری دنیا میں یہ روایت ہے کہ جب بھی کوئی تہوار آتا ہے تو وہاں کی حکومتیں عوام کے لیے خصوصی پیکیجز کا اعلان کرتی ہیں۔ اور تاجر بڑھ چڑھ کر ایثار کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر بد قسمتی سے پاکستان میں اس کا الٹ ہے۔