محض چہرے اور پارٹیاں بدلنے سے ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی، فرسودہ نظام کو بدلا جائے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف تینوں جماعتوں میں کوئی فرق نہیں۔ محض چہرے اور پارٹیاں بدلنے سے ملک کے اندر ترقی و خوشحالی نہیں آ سکتی، ضرورت اس امر کی ہے کہ بد بودار فرسودہ نظام کو بدلا جائے۔ 75برسوں سے پاکستان کے اقتدار پر مٹھی بھر اشرافیہ نے قبضہ جمایا ہوا ہے۔ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے نزدیک عوام اور ان کو درپیش مسائل کی کوئی اہمیت نہیں، یہ سب اپنے مفادات کی بات کرتے ہیں اور اس کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزموجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین برس ملک و قوم کے لیے کسی آزمائش سے کم نہیں تھے۔ مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت اور کرپشن میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ ریلیف کے نام پر عوام کو صرف مایوسی ملی ہے۔ عوام کو گمراہ کرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے سودی نظام معیشت کو تحفظ فراہم کرتے رہے ہیں۔ 22کروڑ عوام ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ۔ اداروں کے درمیان ٹکرائو کی پالیسی انتہائی خطرناک ثابت ہوگی۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی ہے۔ سیاسی و آئینی بحران کے خاتمے کے لیے سب کو ملک کر کام کرنا ہوگا۔ ملک و قوم اس وقت سیاسی کشمکش کا شکار ہیں۔ جس سے نکلنے کا واحد راستہ ملک کے اندر فوری انتخابات کا انعقاد ہے۔  محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک کے اندر اب انتقامی سیاست کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ 90کی دہائی کی سیاست نے ملک و قوم کو بہت نقصان پہنچایا ہے