تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ملک کی ناکام ترین حکومتیں ثابت ہوئیں، امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ملک کی ناکام ترین حکومتیں ثابت ہوئیں۔ حکمران اشرافیہ الیکشن سے قبل اسلام کے نعرے لگاتی ہیں اور بعد میں دین بیزار اقدامات کرتی ہیں۔ کسی بھی حکومت نے ملک میں اسلامی اقدار کے فروغ کی کوشش نہیں کی۔ جماعت اسلامی نے اسی لیے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کا ساتھ دینے سے انکار کیا ہے۔ حکمران اللہ کی طرف نہیں امریکا کی طرف دیکھتے ہیں۔ جماعت اسلامی دین کی سربلندی اور قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں افطار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر العظیم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مدینہ کی ریاست کا نام لے کر اس کے برعکس اقدامات اٹھائے۔ ملک میں سودی کاروبار، فحاشی وعریانی کا کلچر عام ہوا اور سیکولر طاقتوں کی ایما پر قوانین بنائے گئے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ملک میں امریکا مداخلت کر رہا ہے جب کہ ہمارا شروع سے ہی یہ کہنا ہے کہ پاکستان کی حکومتیں ہمیشہ سے واشنگٹن کے زیراثر رہیں۔ امریکا کی مداخلت ایوب خان کے دور میں ہوئی، جب سابقہ فوجی حکمران نے کتاب لکھی جس میں شکوہ کیا کہ ان کی حکومت کے خلاف تحریک کے پیچھے امریکی ہاتھ تھا۔ذوالفقار بھٹو نے پھانسی سے پہلے یہ کہا کہ امریکا انھیں پھانسی پر لٹکانا چاہتا ہے۔ مسلم لیگ میموگیٹ سکینڈل پر عدالتوں میں پہنچ گئی۔ موجودہ حکومت بھی امریکی مداخلت کی بات کر رہی ہے۔ ہم سوال کرتے ہیں کہ وزیراعظم کی کابینہ کے کئی وزرا، گورنر سٹیٹ بنک اور مشیر امریکا کے دوست ہیں اور انھوں نے پاکستان کا شناختی کارڈ بھی یہاں آ کر حاصل کیا۔ امریکا کے وفادار وزیراعظم کے اردگرد بیٹھے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو امریکی غلامی کے خلاف ڈٹ کر آواز بلند کر رہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ایک خودمختار اور امریکی اثر سے آزاد اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔