عمران سرکار کی تمام تدبیریں الٹی ہوگئی ہیں،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران سرکار کی تمام تدبیریں الٹی ہوگئی ہیں۔

انہوں نے جامع مسجد اعلیٰ میں خطاب اور مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران سرکار کی تمام تدبیریں الٹی ہوگئی ہیں،پی ٹی آئی کا غیر جمہوری، شرارتی اور غیر مہذب رویہ سیاست کا روگ بن گیا ،حکومت اپنی نااہلی، تکبر، فساد، مشیروں، ترجمانوں کی وجہ سے اقلیت میں چلی گئی،اکثریت کھو دینے کے بعد باوقار جمہوری رویہ یہ تھا کہ عمران خان خود ہی اقتدار چھوڑ دیتے،کرسی پرستی کا عجب رنگ قوم دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، افراط زر، سٹریٹ کرائمز، کرپشن، بے تحاشا رشوت اور سرکاری اداروں کے سٹیٹس کو میں پھنسا دیا،حکومتی ناکامی کو چھپانے کے لیے عالمی امریکی سازش کا سہارا لے کر انتخابات کے لیے جعلی بیانیہ تیار کیا جارہا ہے،عمران خان سرکار نے نے امریکہ، یورپ، آئی ایم ایف کو جس قدر ریلیف دیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی،پرانے پاکستان میں بھی عوام کو بیوقوف بنانے کے یہی ناٹک تھے اور نیا پاکستان بھی ایسے ہی ناٹکوں کے بھنور میں ہے.

لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ پی پی پی، ن لیگ کے بعد تحریک انصاف بھی ناکام اور عوام دشمن حکومت ثابت ہوئی ہے ،عمران خان نے پہلے احتساب، سٹیٹس کو کو ختم کرنے اور نیا پاکستان کے بیانیہ سے عوام کو گمراہ کیا، اب امریکہ مخالف بیانیہ سے ووٹرز خصوصاً اپنے حامیوں کو گمراہ کررہے ہیں،ریاست مدینہ نظام کے وعدے سے انحراف کی وجہ سے عمران خان حکومت اللہ تعالیٰ کی گرفت میں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو دعوت دیتی ہے کہ ماہ رمضان کی مبارک ساعتوں میں رجوع الی اللہ کیا جائے،عوام اپنے گناہوں کی اللہ سے معافی طلب کریں، نمائشی، سطحی اور جذباتی سیاست کا حصہ بننے کی بجائے حق کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالیں،جماعت اسلامی ملک بھر میں گھر گھر جاکر عوامی رابطہ مہم کی جدوجہد کرے گی ،ہم عوام کو قائل کریں گے کہ ایک ہی خطرناک سوراخ سے بار بار ڈسے جانے سے انکار کریں.

لیاقت بلوچ جماعت اسلامی سابق ڈائریکٹر میڈیا محمد انور خان نیازی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم فرض شناس اور ملکی سیاسی، دینی حوالوں سے خبر اور مضامین کی بڑی مہارت رکھتے تھے،مرحوم نے سید ابوالاعلیٰ مودودی، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن، سراج الحق کی امارت میں شاندار خدمات سرانجام دیں،سیاسی کارکنان کے لیے ان کی زندگی رول ماڈل ہے۔