اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام کیلئے نظریہ ضرورت دفن کرنا ضروری تھا۔
سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے بیان میں کہا کہ فیصلے نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، عدالت کا فیصلہ سب کے لئے پیغام ہے کہ آئین سے بالا کوئی بھی نہیں، سپیکر کی رولنگ اور اسمبلی تحلیل کرنا غیر آئینی تھا۔
انہوں نے کہا کہ شکست سے بچنے کیلئے آئین کی ایک نہیں 3 بار خلاف ورزی کی گئی، آئین و جمہوریت کی جدوجہد میں تحریک انصاف کا کوئی کردار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئین کی اہمیت سے واقف ہی نہیں، عدالت نے ثابت کر دیا ملک کی سالمیت آئین پر عمل درآمد، حکمرانی میں ہے۔