لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاق کے بعد صوبے میں بھی بڑا آئینی بحران پیدا کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے جان بوجھ کر ملک و قوم کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ تحریک انصاف کا اپنے ہی ڈپٹی سپیکر کے خلا ف تحریک عدم اعتماد لانا تعجب خیز اور آئینی اقدام پر عمل در آمد روکنے کے مترادف ہے۔ یہ اقدام خوف اور گھبراہٹ کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ہوش کا ناخن لیں، ملک میں سیاسی استحکام بحال نہ ہوسکا تو غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ ملک میں سرمایہ کاری رک گئی ہے۔ غیر ملکی افرا د پاکستان آنے سے کترارہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو دہشت گردی اور فرقہ ورانہ تشدد کے واقعات کے خدشے پر پاکستان کا سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کو اکسانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اندر انتشار اور افراتفری کو ہوا دی جارہی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی ہے۔ صرف تین برسوںمیں قرضوں میں18ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ جس کی بدولت ہر پاکستانی سوا دو لاکھ روپے کا مقروض ہوچکا ہے۔ ملک میں تبدیلی تباہی بن کر آئی تھی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں پوری قوم نے اعلیٰ عدلیہ پر نظریں مرکوز کر رکھی ہیں۔ آئین کے تحفظ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوںگی