عمران خان کی کال پر کوئی ہنگامہ اور احتجاج نہیں ہوا،رانا ثناء اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا ء اللہ نے کہاہے کہ عمران خان کی کال پرکوئی ہنگامہ اور احتجاج نہیں ہوا، ساڑھے 3 سال ان کے جو اعمال رہے ان کا حساب دینا ہوگا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں کارروائی نہیں کررہے،دن کے اجالے میں جمہوری عمل سے گھر بھیج رہے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ نااہل اورنالائق حکومت کا خاتمہ جمہوری طریقے سے ہونے جارہا ہے، کوئی شب خون نہیں مارا جائے گا، وہ وزرا ء جو سرکاری پروٹوکول میں وحشی دکھائی دیتے تھے اب بھیگی بلی بن جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ استعفوں کا سرپرائز دیں تو لگ پتہ جائیگا کہ ان کی عوام میں کیا مقبولیت ہے،مسلم لیگ( ن )کی خواہش اور موقف یہ ہے کہ جلد ازجلد الیکشن ہوں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس بار شیخ رشید کو حکومت میں شامل نہیں کیا جائے گا، شیخ رشید کو 1985 سے اپنے اعمال کا حساب دینا پڑے گا۔