میرا خیال ہے گورنر کو پنجاب اسمبلی اجلاس موخر نہ کرنے پر ہٹایا گیا، شاہد خاقان


اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میرے خیال میں گورنر کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس موخر نہ کرنے پر ہٹایا گیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی نے رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی سے سوال کیا کہ وزیراعظم نے کہا ہے ان کے خلاف سازش ہے اس لیے وہ نتائج تسلیم نہیں کریں گے، جواب میں شاہد خاقان نے کہاکہ آئین تسلیم کرائے گا، ملک کا آئین بڑا واضح ہے، جس کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتی ہے وہ گھر جاتا ہے۔

صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ گورنر پنجاب کو کیوں ہٹایا گیا؟ انہوں نے جواب دیا کہ میرا خیال ہے گورنر کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس موخر نہ کرنے پر ہٹایا گیا، یہ وہاں بھی ہار رہے ہیں، بڑے شارٹ نوٹس پر اجلاس بلایا گیا ۔

شاہد خاقان عباسی  نے کہا کہ  میڈیا کو باہر رکھا گیا ، یہ بات ٹھیک نہیں ، یہ پارلیمان ہے، یہ عوام کا فورم ہے، میڈیا کا حق ہے کہ یہ تاریخی واقعہ دیکھیں،پتہ چلے سب کو حکومت کیا کررہی ہے، اپوزیشن کیا کر رہی ہے۔