اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی (کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے تو بار بار وزیراعظم کو کہا کہ عزت کا راستہ اپنایاجائے، وزیراعظم کو کہا کہ استعفی دینا چاہیے تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رمضان میں شیطان بند کردیا جاتا ہے، ہم شیطان کو بند کرنے جارہے ہیں، کل بنی گالا کا شیطان قید ہونے جا رہا ہے، کل سے ہم آپ کے مسائل کے حل کا آغاز کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ ہارا ہوا شخص کوشش کرے گا کہ بدامنی ہو، تصادم ہو، یہ ہاراہوا شخص کوشش کرے گا کہ پارلیمنٹ میں تشدد ہو۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، پارلیمنٹ ملک کے عوام کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم کو جمہوری طریقے سے نکال رہے ہیں تو رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہییں، پارلیمنٹ کے ساتھ اور بھی قومی ادارے ہیں، ہر ادارے کے اپنے اصول ہیں، سپریم کورٹ کیبھی اپنے اصول ہیں کہ اس کیججز کیسے چنے جاتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کا وزیر اعظم ٹی وی پر آکر احتجاج کی کال دے رہا ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پارلیمنٹ کے طریقہ کار پر اعتراض ہوگا تو کل دوسرے اداروں کے طریقہ کار بھی متاثر ہوں گے، سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیے، کسی کواجازت نہیں دینا چاہیے کہ ملک کی جمہوریت اور قسمت کے ساتھ کھیل کھیلاجائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں اپنے لوگوں کا کیسے تحفظ کرنا ہے اور انہیں کیسے پہنچانا ہے، وزیر اعظم اپنے غنڈوں کے ذریعے ہنگامہ آرائی کرنا چاہتے ہیں، وزیر اعلی کے پی کے اور وزیر دفاع کے بیانات سامنے آچکے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا، ہم نے اپنی اکثریت دکھا دی، کل صرف کاغذی کارروائی باقی ہے ،پی پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ موجودہ حکومت کی رخصتی کی جائے
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج عام آدمی شدید پریشان ہے لوگوں کو تبدیلی کے نام پر امید کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی، آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے مشکلات ہیں، ہر صوبے سے تعلق رکھنے والوں نے 3 سال موجودہ رجیم کا مقابلہ کیا، میڈیا کی آزادی پر حملے برداشت کرنے والوں کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔