علیم خان گروپ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان


لاہور(صباح نیوز) علیم خان نے اپنے 9 ارکان سمیت وزارت اعلی پنجاب کے لیے اپوزیشن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کردیا۔لاہور میں اپوزیشن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز نے علیم خان سے ملاقات کی، اس دوران علیم خان نے اپنے 9 ارکان سمیت ان کی حمایت کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے منحرف رہنما علیم خان کا گروپ پہلے ہی تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار پرویز الہی کا ساتھ نہ دینے کا اعلان کرچکا ہے۔اس سے قبل جہانگیر خان ترین گروپ بھی وزیر اعلی پنجاب کے لیے اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا باضابطہ اعلان کرچکا ہے۔

علیم گروپ کے ارکان کا کہنا ہے کہ 10 سیٹوں والی پارٹی کو وزارت اعلی دینا پارٹی کی تذلیل ہے، متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کا ساتھ دیں گے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے ناراض علیم خان گروپ نے اپنے ایم پی ایز ظاہر کر دئیے ہیں اور گروپ میں شامل 10 ایم پی ایز علیم خان کے ہمراہ اس وقت دفتر میں موجود رہے، اور ان کی جانب سے اعلانیہ متحدہ اپوزیشن کی حمایت میں کھل کر بیان سامنے آگیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گروپ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کا ساتھ دے گا۔

علیم گروپ کے ارکان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقتدار بچانے کیلئے اپنے183 ایم پی ایز کو نظر انداز کردیا، 10 سیٹوں والی پارٹی کو وزارت اعلی دینا پارٹی کی تذلیل ہے، تحریک انصاف کے کارکن کی اپنے کپتان سے وابستہ بلند امیدیں چکنا چور ہو گئیں، ملک و قوم کے مفاد میں متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کر یں گے۔پنجاب اسمبلی نئے وزیراعلی کا انتخاب اتوار کو کرے گی، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلی کے انتخاب کے لیے3 اپریل کا دن مقرر کیا ہے۔