اسلا م آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا ایک پیچیدہ صورتحال سے گزر رہی ہے اور اخلاقیات کی بنیاد پر نئے عالمی نظام کی شدت سے منتظر ہے جس میں صلہ رحمی اور مساوات کو ترجیح دی گئی ہو۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے شرکا اور مقررین سے گفتگو کے دوران کیا۔صدر مملکت نے کہا ہمیں توقع تھی کہ اقتدار حاصل کرنے والے تعلیم یافتہ اور روشن خیال لوگ اخلاقیات کی بنیاد پر نئے عالمی نظام کے ذریعے انسانیت کے ساتھ انصاف کریں گے۔تاہم انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب عالمی قوانین کے مختلف ملکوں پر یکساں اطلاق کا معاملہ آتا ہے تو دنیا میں ایک اختلاف موجود ہوتا ہے۔
صدر نے کہا کہ انسانوں کیلئے مختلف اقدار دنیا کیلئے ایک خطرہ ہیں جبکہ لوگوں میں دولت کی غیر مساوی تقسیم ختم کرنے کی عالمی کوششوں کے باوجود یہ مسائل کا سبب بنتی ہے۔انہوں نے جدید دور کے چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال، غلط معلومات کا پھیلائو اور جعلی خبروں کے ذریعے غلط معلومات دنیا میں نئے چیلنجوں کے طور پر ابھر رہے ہیں