پشاور(صباح نیوز)پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں پہلا روزہ کل بروز اتوار کو ہوگا۔
پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں رمضان المبارک 1443 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت آج اتوار کو پاکستان بھر میں پہلا روزہ رکھا جائے گا۔رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چارسدہ روڈ پشاور پر قائم محکمہ اوقاف کے دفتر میں ہو۔
علاوہ ازیں رویت ہلال کمیٹی کی زونل اور اضلاعی کمیٹیاں اپنے اپنے مقامات بشمول مذہبی امور، کوہسار بلاک، اسلام آباد میں موجود رہے۔پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہورمیں ہوا۔ چاند کی رویت کے لیے محکمہ موسمیات اور سپارکو کی خدمات بھی حاصل کی جارہی گئیں۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور دیگر علاقوں سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد زونل کمیٹی کے اراکین نے مرکزی کمیٹی کو رپورٹ جمع کرائی جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر نے رمضان المبارک 1443 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
مولاناعبدالخبیرآزاد نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا فیصلہ کرنے کیلئے اجلاس کا انعقاد ہوا، پاکستان کے اکثرو بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا، مختلف مقامات سے ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔مولاناعبدالخبیرآزاد کے مطابق لاہور سمیت دیگر مقامات پر ماہ رمضان کا چاند نظر آگیا، اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم رمضان المبارک 1443 ہجری کل 3اپریل 2022 بروز اتوار کو ہوگی۔
مولاناعبدالخبیرآزاد نے کہا کہ اللہ تعالی رمضان المبارک کے مہینے کو سب کے لیے مبارک فرمائے، پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھا جائے گا۔چاند نظر آنے کا اعلان ہوتے ہوئی ملک بھر میں نماز تراویح کا آغاز ہوگیا جبکہ سحری کی تیاریاں بھی شروع کردی گئیں۔گزشتہ روز سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کا چاند نظر آ گیا ۔
چاند نظر آنے کے بعد یکم اپریل شعبان المعظم کا آخری دن تھا اور ماہ مقدس کا آغاز 2 اپریل سے ہوگا۔سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں ہفتہ کو پہلا روزہ تھا جبکہ امریکا، آسٹریلیا، روس، نیوزی لینڈ میں بھی ماہ صیام کا آغاز ہو گیا ہے