لاہور (صباح نیوز)ایف آئی اے کی اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز الحسن نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانتوں کی فوری طور پر منسوخی کے لئے ایف آئی اے کی جانب سے دائر درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے قراردیا ہے کہ دوسرے فریق کو سنے بغیر عدالت فیصلہ نہیں کرسکتی۔ عدالت نے اس حوالہ سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے اور وکلاء کوبھی4 اپریل کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔
قبل ازیں ہفتہ کو منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے لئے ایف آئی اے کی اسپیشل سینٹرل کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست وفاقی وزیر قانون فواد چوہدری کی ہدایت پر اسپیشل پراسیکیوٹر سکندر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں بلاجواز توسیع کی اور اسی بنیاد پر شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کی جائیں۔
ایف آئی اے نے 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے اور اس حوالہ سے چالان بھی اسپیشل سینٹرل کورٹ میں جمع کروارکھا ہے۔ گزشتہ سماعت پر شہباز شریف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے اور کہا گیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی کے سیشن میں مصروف ہیں لہذاان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔
عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا تھا کہ چار اپریل تک شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کی جاتی ہے اگر شہباز شریف چار اپریل کو پیش نہیں ہوتے تو ان کی ضمانت مسترد سمجھی جائے گی۔ تاہم اسپیشل پراسیکیوٹر نے وفاقی وزیر قانون فواد چوہدری کی ہدایت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کے لئے درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمان اپنی، اپنی عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں لہذا ان پر 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے اوراسی بنیاد پر دونوں ملزموں کی عبوری ضمانت منسوخ کی جائے تاکہ ان کو گرفتار کر کے مقدمہ کی مزید کاروائی آگے بڑھائی جاسکے۔