اسلام آباد(صباح نیوز)پاک بحریہ کے جہازوں سمیت پاکستان میری ٹام سکیورٹی ایجنسی کے جہاز نے ابوظہبی کا دورہ کرتے ہوئے مشترکہ مشق میں حصہ لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس شمشیر، پی این ایس عظمت اور پاکستان میری ٹام سکیورٹی ایجنسی کے جہاز کولاچی نے ابوظہبی کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ابوظہبی کی بندرگاہ منی زید آمد پر پاکستانی سفارتی حکام اور میزبان بحریہ نے پاکستانی جہازوں کا بھرپور استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ اس دورے کے دوران مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے اماراتی بحریہ کے سربراہ، کمانڈر کوسٹ گارڈ اور دیگر عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں ہیں
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے مذید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستانی جہازوں نے اماراتی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا۔
اس دورے کے متعلق ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستانی بحری جہازوں کے اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین پہلے سے موجود تعلقات کو مذید فروغ ملے گا۔