ترین گروپ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کرے گا،اسحاق ڈار


لندن(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ ترین گروپ اور مسلم لیگ ن کے معاملات طے پا گئے ہیں اور ترین گروپ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں لیگی رہنما نے کہا ہے کہ جہانگیز ترین سے بات چیت کا آخری رائونڈ نتیجہ خیز رہا،ترین گروپ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کرے گا۔

انہوں نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کرنے پر جہانگیر ترین اور ان کے گروپ  کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

یاد رہے کہ جہانگیر ترین کی مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار سے لندن میں طویل ملاقات ہوئی ہے جس میں ملکی سیاست کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور مستقبل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔