احساس راشن رعایت  پروگرام سے 20 ملین مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا،سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر


اسلام آباد(صباح نیوز).وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ  احساس راشن رعایت  پروگرام سے 20 ملین مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

احساس راشن رعایت کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس آج تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن (PASSD) میں منعقد ہوا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کی صدارت کی۔اسٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین نے احساس راشن رعایت پروگرام کے نفاذ کے لیے سپلائی پر مبنی نئے ماڈل کو اپنانے پر تبادلہ خیال کیا اور اس کی منظوری دی تاکہ اس پروگرام سے 20 ملین مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچے۔

ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، “مزیدمستحقین تک پہنچنے اور 20 ملین خاندانوں پر احساس راشن رعایت کے زیادہ سے زیادہ اثرت مرتب کرنیکے لیے، احساس اب ایک نیا “سپلائی پر مبنی” ماڈل متعارف کرا رہا ہے تاکہ احساس کفالت کے تمام مستحقین کو راشن رعایت پروگرام میں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا، “اس نئے ماڈل کے تحت، احساس نیشنل سوشل اکنامک رجسٹری ڈیٹا بیس میں سروے کیے گئے تمام خاندان بغیر اندراج کے پراکسی مینز ٹیسٹ 44 کے تحت خود بخود احساس راشن رعایت کے اہل ہو جائیں گے۔”اہل خاندانوں کے تمام افراد کو ایک SMS بھیجا جائے گا۔ خاندان کا کوئی بھی رکن جس کے پاس CNIC اور SIM  اس کے  نام پر رجسٹرڈ ہے وہ سبسڈی حاصل کر سکتا ہے۔

پہلی ٹرانزیکشن کے بعد، اس فیملی ممبر کی تفصیلات محفوظ ہو جائیں گی اور صرف وہی اپنی فیملی کے لیے مستقبل میں سبسڈی سے متعلق لین دین کر سکے گا۔پروگرام کے آغاز کے بعد سے احساس راشن ویب سائٹ کو 1.5 بلین  ہٹس موصول ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر، پروگرام کو دو مرحلوں کے تحت 33 ملین رجسٹریشنز موصول ہوئیں۔ یہ پروگرام 31 جنوری 2022 سے جاری ہے

رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں  تقریبا 4.25 ملین خاندانوں کی تصدیق ہو چکی ہے اور پاکستان بھر میں 12,000 سے زائد کریانہ اور یوٹیلیٹی سٹورز پر ٹارگٹڈ کموڈٹی سبسڈی حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ 23,027 احساس راشن رعایت اسٹورز کی ظاہری طور پر تصدیق کی گئی ہے۔پروگرام کے دوسرے مرحلے میں، احساس 8171 ایس ایم ایس رجسٹریشن سروس کے ذریعے 15 ملین سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ یہ درخواستیں پروگرام کے تحت اپنی اہلیت کا اندازہ لگانے کے لیے مزید تصدیقی جانچ سے گزریں گی۔راشن رعایت کے ذریعے 20 ملین مستحق خاندانوں کو آٹا، دالوں، کوکنگ آئل اور گھی کی خریداری پر ماہانہ 30 فیصد کی ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔ بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے پروگرام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔

محمد علی شہزاد، سیکرٹری PASSD؛ عصمت طاہرہ، سیکرٹری بی آئی ایس پی؛ کیپٹن (ر) سعید احمد نواز، ایڈیشنل سیکرٹری PASSD؛ سید معظم علی، ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی؛ احمد جان ملک، جوائنٹ سیکرٹری PASSD؛ نوید اکبر، ڈائریکٹر جنرل، احساس مشروط کیش ٹرانسفرز؛ میر انور، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنالوجی، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ؛ سی ای او پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی؛ اور پنجاب سیکرٹریٹ ؛ محکمہ سماجی بہبود کے پی؛ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر حکام اور نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔

احساس راشن رعایت سبسڈی کی ترسیل کا ایک بہترین نظام ہے جو مستحق مستفید افراد کو ڈیجیٹل طور پر پروسیس شدہ لین دین کے ذریعے رعایت پر ضروری اشیا کی خریداری کے لیے مالی مدد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ پروگرام کے لیے بنائے گئے مکمل طور پر ڈیجیٹائزڈ نظام حکومت کے لیے ان ٹارگٹڈڈ سے ٹارگٹڈ کموڈٹی سبسڈی کی طرف جانے کی راہ ہموار کریں گے۔