خیبرپختونخوا میں سرکاری وسائل جھونکے گئے اس لئے کامیابی ملی،شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں وزیراعظم، وزیراعلی اوروفاقی وزراء نے انتخابی مہم چلائی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں سرکاری وسائل جھونکے گئے اس لئے حکومت وہاں جیتی۔وزیراعظم، وزیراعلی اوروفاقی وزرا نے انتخابی مہم چلائی۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید نے کہا کہ جھوٹ بولنے کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے جو اس حکومت کے پاس نہیں ہے۔بمپر کراپ کہاں گئی ، گندم، کھاد، چینی ہم درآمد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈھائی ارب روپے یومیہ قرض لیکر سود ادا کررہی ہے۔ ملک کے چار سستے بجلی کے کارخانوں کو ڈیزل پر ٹرانسفر کیا گیا جس سے بجلی مہنگی کردی گئی۔یہ سب کچھ حکومتی نااہلی کے سبب ہورہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سستے ترین بجلی کے کارخانے بند ہوچکے ہیں اور 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔تیل کی وجہ سے ہی پیسے بنائے جاتے ہیں اور کرپشن کی جاتی ہے۔