اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوسف رضا گیلانی کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے انتخاب کو درست قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ جاری کیا۔عدالتی فیصلے کے بعد صادق سنجرانی ہی چیئرمین سینیٹ رہیں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کالعدم قرار دینے کی انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی جبکہ سنگل بینچ نے یوسف رضا گیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی۔
یوسف رضا گیلانی کی انٹراکورٹ اپیل پر 22 دسمبر 2021 کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ عدالت نے کچھ پہلوں پر مزید معاونت کیلئے کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا تھا۔، چیئرمین سینیٹ الیکشن میں پریزائیڈنگ افسر نے یوسف رضا گیلانی کے سات ووٹ مسترد کیے تھے۔