بجلی میں اضافہ عوام پر ظلم ہے،شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستا ن مسلم لیگ( ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ 3 روپے 27 پیسے فی یونٹ بجلی میں اضافہ عوام پر ظلم ہے۔

کے الیکٹرک صارفین پر بجلی کی قیمت کے اضافے پر شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ یہ اقدامات قیامت خیز مہنگائی کی شدت اور بڑھا رہے ہیں، مہنگائی پہلے ہی عوام کی برداشت سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت کے ساتھ لوڈشیڈنگ میں اضافہ انتظامی نااہلی اور نالائقی کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں انتظامی نظام کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے، ن لیگ 14000 میگاواٹ بجلی دے کر گئی، یہ حکومت عوام تک پہنچا بھی نہیں سکی۔

خیال رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا۔