مائنس بزدار کی باتیں کرنیوالوں کی گاڑیوں پر جھنڈا میرے دستخط سے لگا تھا ،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)پنجاب کے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جو لوگ مائنس بزدار کی باتیں کرتے تھے ان کی گاڑیوں پرجھنڈا میرے دستخط سے لگا تھا میں چاہتا توانہیں نکال سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے برطانوی نشریاتی ادارے کوانٹرویو میں کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں حالات پل پل تبدیل ہورہے ہیں۔سیاسی بحران پرمیں نے وزیراعظم کو کہا کہ جو وہ فیصلہ کریں گے میں قبول کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ مجھ پراعتماد کیا ہے مشکل صورتحال میں خود استعفی نہ دیتا تواپنا حق ادا نہیں کرتا۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کسی سے کوئی گلہ نہیں ہے خاموشی سے پردے کے پیچھے بیٹھ کرکام کرتا رہوں گا۔ساڑھے تین سال مسلسل کام کیا اورکوئی چھٹی نہیں کی اپنی کارکردگی کے حوالے سے میرا ٹارگٹ لوگوں کی خدمت تھا۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے اپنی باتیں اس طرح نہیں پہنچا سکے جیسے پہنچانا چاہئے تھیں۔