بائیس پریس کلب ڈیجیٹل سٹوڈیو اور لیب کیلئے منتخب کئے گئے،فوادچوہدری


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 22پریس کلب اس سال ڈیجیٹل سٹوڈیو اور لیب کیلئے منتخب کئے گئے ہیں ان پریس کلبوں کو ماڈرن سٹوڈیو اور سامان ملے گا جس سے مقامی صحافی ڈیجیٹل صحافت کے جدید رموز استعمال کر پائیں گے۔

ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نےسوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

فواد چوہدری نے کہاکہ سکیم میں فرنیچر اور ساؤنڈ سسٹم بھی اپ گریڈکئے جائیں گے۔ جوپریس کلب ڈیجیٹل سٹوڈیو اورلیب کے لئے منتخب کئے گئے ہیں ان میں اسلام آباد نیشنل پریس کلب، لاہور پریس کلب، پشاور پریس کلب،کوئٹہ پریس کلب، مظفرآباد پریس کلب، ملتان پریس کلب، فیصل آباد پریس کلب، میانوالی پریس کلب، جہلم پریس کلب، جھنگ پریس کلب، حیدرآباد پریس کلب، سکھر پریس کلب، بدین پریس کلب، ٹھٹھہ پریس کلب، تربت پریس کلب، گوادر پریس کلب، حب پریس کلب، چترال پریس کلب، بنوں پریس کلب، ایبٹ آباد پریس کلب، سکردوپریس کلب اور گلگت پریس کلب شامل ہیں۔

فواد چوہدری نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ سرکاری ٹی وی کی تاریخ کا سب سے بڑا ریونیو ہے۔ پی ٹی وی جب ہمیں ملا تھا مکمل دیوالیہ تھا، اس مختصر عرصے میں دو چینلز ڈیجیٹل کیے اور پی ٹی وی کا بزنس ماڈل دیا۔انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی وی ان اداروں میں شامل ہے جو منافع میں ہیں۔