خاتون اول کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں،شہبازشریف سیاست کریں غلاظت نہیں:شہباز گل


لاہور(صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغیات شہباز گل کا کہنا ہے کہ خاتون اول کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں ہیں، شہباز شریف سیاست کریں غلاظت نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کیا شہباز شریف کے پاس کوئی سیاسی بات نہیں ہے، وہ کہتے ہیں خاتون اول کے گھر کی چھت پر گوشت جلتا ہے، کیا کسی نے دیکھا کہ واقعی منوں کے حساب سے گوشت جاتا ہے، آپ نے پھر ایسی زبان استعمال کی تو قانون کے مطابق محاسبہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جتنی دیر عمران خان وزیراعظم رہے اتنی دیر نواز شریف نے اپنی 18 ملیں بنائیں لیکن وزیراعظم نے ایک بھی مل نہیں بنائی، آپ کے آٹھ آٹھ کیمپ آفس ہوتے تھے اربوں کا خرچ ہوتا تھا، لیگ نے چار دیواری 70 کروڑ سے کرائی، عمران خان کا کوئی کیمپ آفس نہیں ہے، وہ بنی گالہ اور لاہور کے گھر کا خرچہ خود اٹھاتے ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ ہمارا مقابلہ چھوٹے اور نیچ لوگوں سے ہے، ن لیگ والے ٹیشو پیپر کا ڈبہ بھی سرکار کے پیسوں سے لیتے تھے، عمران خان نے آج تک کوئی ذاتی غیرملکی سفر نہیں کیا جبکہ نواز شریف نے 23 کے قریب ذاتی طور پر لندن کے دورے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ذاتی 58 غیرملکی دورے کیے، ان کے ملازمین بھی ہیلی کاپٹر استعمال کرتے تھے، وزیراعظم آفس کو ڈیرہ بنا کر رکھا تھا، آپ کے پاس کوئی سیاسی بات ہے تو وہ کریں۔