انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا


کراچی (صباح نیوز) انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کرنسی مارکیٹ میں روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی امریکی ڈالر کی اونچی اڑان جاری رہی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 14 پیسے کا مزید اضافہ ہوا اور روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح 182 روپے 33 پیسے پر پہنچ گیا۔

فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 182 روپے 80 پیسے پر فروخت ہورہا ہے۔

یاد رہے دسمبر 2021 میں امریکی ڈالر 178 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔