شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن


اسلا م آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشن سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشن کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن اور سینئر افسران نے شرکت کی، حکام الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی پر جاری کام پر بریفنگ دی۔الیکشن کمیشن نے کام کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا، تمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو نظر ثانی کے کام کی مکمل نگرانی اور مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اسلام آباد کی حلقہ بندی کے شیڈول پر بریفنگ دی گئی

الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ابتدائی حلقہ بندیاں 15 اپریل کو شائع کی جائیں گی، چیف الیکشن کمشن نے کہا کہ حتمی اشاعت 19 مئی 2022 کو ہوگی۔الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ الیکشن کمیشن وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں  بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا، الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے شیڈول کی بھی منظوری دے دی۔

چیف الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجہ نے ضلع کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ تمام اضلاع میں انتخابات مورخہ 29 مئی کو کروانے کا فیصلہ کیا، ضلع کوئٹہ اور لسبیلہ میں صوبائی حکومت کی طرف سے حلقہ جات کی تعداد بڑھانے کی وجہ سے حلقہ بندی دوبارہ کی جا رہی ہے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد ان اضلاع میں انتخابات کا شیڈول بعد میں دیا جائے گا

الیکشن کمیشن بلوچستان میں الیکشن شیڈول کا نوٹیفکیشن ایک دو روز میں جاری کر دے گا۔الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات دیں، الیکشن میٹریل کے حصول ، بیلٹ پیپرز کے لیے متعلقہ افسران سے رابطہ کریں، صوبائی حکومتوں سے رابطہ کر کے الیکشن کمیشن صوبوں میں الیکشن کا شیڈول بھی فوری طور پر جاری کرے۔الیکشن کمیشن کو خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر بریفنگ دی گئی، الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے۔