اللہ تعالیٰ نے انسان کو انسان بنانے کا نسخہ روزے کی شکل میں دیا ہے۔ راشد نسیم


لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے جامعہ مسجد نعمان فیڈرل بی ایریا میں استقبال رمضان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو انسان بنانے کا نسخہ روزے کی شکل میں دیا ہے۔ روزہ انسان کو انسانیت کی بلندی تک لے جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ روزہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ انسان کسی چیز کا غلام نہیں ہے نہ بھوک کا، نہ پیاس کا، نہ پانی، نہ کھانے، نہ رات کو سونے کا جب وہ طے کر لیتا ہے تو بھوک، پیاس، نیند اس کی غلام بن جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ انسان اشرف المخلوقات ہے جب تک انسان چیزوں کو اپنی غلامی میں نہیں لائے گا دنیا سے لوٹ مار، چور بازاری ختم نہیں ہو سکتی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ماضی اور موجودہ حکمرانوں کو روزے کی ٹریننگ کی ضرورت ہے تبھی یہ ملک لوٹ مار اور کرپشن سے پاک ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی روزے میں ڈھلے ہوئے انسانوں کی تیاری کا کام کر رہی ہے اور قرآن اور روزے کے ذریعے نجات دہندہ بنائے گی۔