اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما ئاحسن اقبال نے کہا کہ بہت جلد اتحادی اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پھرعمران نیازی نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بھکیرتے ہوئے الیکشن مہم میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود قانون شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں، عمران نیازی فاشسٹ حکمران کی طرز پر اداروں کو مرضی سے چلانے کے لئے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس نے پنجاب کے بلدیاتی ادارے بحال کیے تھے جن پر وزیراعظم اور وزیراعلی نے عملدرآمد نہیں کیا تھا، الیکشن کمیشن آزاد آئینی ادارہ ہے وزیراعظم مسلسل اس کے نوٹسز کی توہین کررہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں سات سال سے حساب نہیں دیا جارہا، عمران نیازی حاجی، پرہیزگار اور تہجد گزار بیرون ملک پاکستانیوں کے پیسے کا حساب دیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آپ کو بلاتے ہیں تو نہیں جاتے، چوری پکڑی جاتی ہے تو کبھی اسد عمر کبھی گورنر سندھ کا نام لگاتے ہیں، آپ صادق و امین نہیں بلکہ ایک دھوکے باز ہو۔
احسن اقبال نے کہا کہ آپ ڈھٹائی سے مذہب کو استعمال کررہے ہو، امربالمعروف یہ نہیں کہتا کہ پچاس والی چینی ایک سو ساٹھ روپے کرو، بجلی یونٹ بل گیارہ روپے سے بائیس روپے کردو۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ڈیڑھ سو روپے کلو والا گھی پانچ سو روپے کردیا، عمران نیازی پاکستان کے نوجوان نالائق اور ناسمجھ نہیں ہیں، تحریک عدم اعتماد کا اس لئے سامنا ہے کیونکہ آپ نے قوم سے جھوٹے وعدے کئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے کہا کہ آپ کے پاس ڈریم ٹیم ہے، آپ نے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا، امربالمعروف بہتان بازی کا سبق نہیں دیتا، تقریریں کرنے کے بجائے میڈیا کے سامنے آ۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے پانچ سالوں میں بتیس سو ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے، آپ اس میں انتیس روپے بھی کرپشن ثابت کرکے دکھا، آپ کے نمبر ون وزیر نے میرے اوپر ملتان سلھر موٹروے پر ستر ارب روپے کرپشن کا الزام لگایا۔