وفاداری تبدیل کرنے میں عمران خان کو اپنا استاد مانتا ہوں، احمد حسن ڈیہڑ


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے کہا ہے کہ پارٹی وفاداری تبدیل کرنے میں عمران خان کو ہی اپنا استاد مانتا ہوں،خان صاحب نے کہا دوسری پارٹی کے لوگوں کو ساتھ ملا رہا ہوں اسے بے غیرتی نہ سمجھا جائے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی ایم این اے ملک احمد حسن ڈیہڑ نے کہا کہ عمران خان نے ن لیگ کے 12 ایم پی ایز سے مل کر وفاداری تبدیل کرنے کی بنیاد رکھی تھی۔ احمد حسن ڈیہڑ نے کہاکہ خان صاحب نے کہا دوسری پارٹی کے لوگوں کو ساتھ ملا رہا ہوں، دوسری پارٹی کے لوگوں کو ملانا بے غیرتی نہ سمجھا جائے، پارٹی تبدیلی کے لیے عمران خان کو استاد مانتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں سے عمران خان ملیں تو کہتے ہیں وکٹ گرا دی، خان صاحب، ہمارا کتا، کتا، آپ کا کتا ٹومی، کتنی خطرناک بات ہے کہ نیوٹرل کو جانور کہہ کر ان کو میسج دے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا عمران خان کہتے ہیں آٹے، دال میں نہ الجھا، بین الاقوامی امور دیکھنے دو، عمران بتائیں، ابھی تک ایف اے ٹی ایف سے کیوں نہیں نکل سکے۔احمد حسن ڈیہڑ کا مزید کہنا تھا خان صاحب آپ کی کامیابی کے جھنڈے ہم نے بہت دیکھ لیے ہیں، عمران خان کی شکل نہیں، نظریہ دیکھ کر آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شروع سے ہی مائنس ون کے دلدادہ ہیں، شاہ محمود قریشی کو لابنگ کرنے پر ہی زرداری صاحب نے نکالا تھا،

شاہ محمود اب بھی مائنس ون کی پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا حالات سے لگتا ہے کہ حکومت کو جہانگیر ترین کی بد دعا لگی ہے، جہانگیر ترین اور علیم خان پر بڑے ظلم کیے گئے۔اس سے قبل ایک اور منحرف رکن اسمبلی عبدالغفار وٹو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ مجھ پر سندھ ہاس جانے اور پیسے لینے کا الزام لگایا گیا، کبھی سندھ ہاس گیا ہی نہیں اور رشوت لینے اور دینے کو حرام سمجھتا ہوں۔