وزیراعظم کا بحرین کیساتھ سرمایہ کاری کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے بحرین کے ساتھ مشترکہ مذہب اور اقدار پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوسلام آباد میں بحرین کے نیشنل گارڈ کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے دونوں جانب سے شراکت داری کو آگے بڑھانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور اقتصادی، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے لئے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

کورونا کے خلاف بحرین کے کامیاب اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستانی ماہرین کو وباء کے دوران فراہم کی جانے والی معاونت پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دوستی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اقدام کئے جائیں۔بحرین کے نیشنل گارڈ کمانڈر نے دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔