اسلام آباد(صباح نیوز)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آج ترکمانستان کے صدر گربانگولی بردی محمدوف اور نو منتخب صدر سردار بردی محمدوف سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ مختلف دوطرفہ امور پر بات چیت کی اور علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران، صدر عارف علوی نے ترکمانستان کے صدر گربنگولی بردی محمدوف کو 12 مارچ 2022 کو صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد اور انکے بیٹے سردار بردی محمدوف کی جیت پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاندار فتح ترکمانستان کے عوام کے موجودہ قیادت کے وژن پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے نومبر 2021 میں 15ویں ای سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر ترکمان ہم منصب کے ساتھ اپنی ملاقات کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا۔
صدر مملکت نے روابط بڑھانے ، سیاحت میں اضافے اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔ صدر عارف علوی نے ترکمانستان کو مشرق وسطی اور باقی دنیا کے ساتھ تجارتی روابط کے لیے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش بھی کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دسمبر 2021 میں اسلام آباد میں OIC وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں ترکمانستان کی شرکت کو سراہا۔
انہوں نے ترکمانستان کے صدر گربانگولی بردی محمدوف کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔
نومنتخب صدر سردار بردی محمدوف سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں ترکمانستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے ۔ انہوں نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے پاکستان کے تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے اور اقتصادی تعاون کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر نے 23-22 مارچ 2022 کو اسلام آباد میں OIC وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ 40ویں اجلاس میں شرکت پر ترکمانستان کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے فروغ کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی زور دیا۔