پاکستانی سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی ترقی کے لئے صنعتوں اور کاروباروں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں بے پنا ہ مواقع ہیں جن سے بھرپور طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں نوجوانوں کو مناسب تربیت اور رہنمائی فراہم کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ صنعت و تجارت سوات کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے عدنان علی کی قیادت میں جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ صنعتیں اور کاروباری برادری تجارتی حجم بڑھانے اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ صدر مملکت نے سوات میں سیاحت کے شعبے میں ترقی کے مواقع کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں امکانات سے فائدہ اٹھا کر ملازمت کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں، اس سلسلے میں نوجوانوں کو مہمان نوازی اور قیام و طعام کے شعبے میں تربیت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروبار شروع کرنے کیلئے قرض فراہم کر رہی ہے ، سوات کے نوجوان سیاحت و مہمان نوازی کے شعبے میں اپنا کاروبار شروع کریں اور مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت سڑکوں سمیت بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے جبکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر وفد نے صدر مملکت کو اپنے مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے وفد کو مسائل کے حل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔