اسلام آباد(صباح نیوز)چودھری برادران اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے اپنی شرائط سے بھی دستبردار ہو گئے، چودھری پرویز الہی کو اپوزیشن کی شرائط پر وزیراعلی بنانے کی پیشکش پر مولانا فضل الرحمن نے چودھری شجاعت کو جواب دیا کہ چودھری صاحب آپ نے بہت دیر کردی۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق چودھری شجاعت کی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ چودھری برادران اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے اپنی شرائط سے بھی دستبردار ہو گئے۔
چودھری شجاعت نے مولانا فضل الرحمن کو کہا کہ جن شرائط پر آپ پرویز الہی کو وزیراعلی بنانا چاہتے تھے، بنا دیں، ہم تیار ہیں تاہم مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چودھری صاحب، آپ نے بہت دیر کردی۔ آپ نے بروقت فیصلہ نہیں کیا تو ہم نے دوسرے آپشنز پر کام کر لیا۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے مزید شکوہ کیا کہ آپ نے شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے کے بعد اچانک انکار کرکے بھی اچھا نہیں کیا۔
انہوں نے چودھری شجاعت سے کہا کہ آپ ہمارے لئے محترم ہیں، آپ آئے ہیں، تو میں ن لیگی قیادت سے بات کروں گا۔