مشکلیں اتنی پڑیں کہ آسان ہو گئیں،عمران خان


کراچی/اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکلیں اتنی پڑیں کہ آسان ہو گئیں،ہر دن نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میں اس کے لیے تیار ہوں۔

وزیر اعظم عمران خان کی صحافیوں سے ملاقات میں سوال پوچھا گیا کہ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو کیا کریں گے؟ جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مشکلیں اتنی پڑیں کہ آسان ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ گیم وہاں جا رہی ہے جس کا میں ایکسپرٹ ہوں۔ ہر دن نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میں اس کے لیے تیار ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ جمعہ کو خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں ہونے والا جلسہ بتائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اب تک اپنے اقتدار میں صرف 5 چھٹیاں کی ہیں اور یہ چھٹیاں بھی صرف تب کیں جب مجھے کورونا ہوا تھا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے محاذ پر اپوزیشن کو بدترین شکست دیں گے، ان سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا تاہم عثمان بزدار سے متعلق گلے شکوے کئے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے کچھ ارکان وزیراعلی عثمان بزدار کی کارکردگی پر نالاں ہیں، وزیراعظم سے ملاقات میں عثمان بزدار بارے تحفظات کا اظہار بھی کیا اور کہا صوبے میں بیڈ گوررننس سے حکومت کو پریشانی کا سامنا ہے۔ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لئے ہم آپ کا ڈٹ کر ساتھ دیں گے۔وزیراعظم نے کہا پنجاب پر گہری نظر ہے، سب کچھ علم میں ہے،تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو بدترین شکست سے دیں گے۔