اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادیا


اسلام آباد (صباح نیوز) اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کروادی گئی۔

تحریک عدم اعتماد سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر سردار ایاز صادق،(ن)لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان،سابق وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق،(ن)لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر، پی پی پی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ عطا مری، جمعیت علماء اسلام (ف) کی رہنما شاہدہ اختر علی اور دیگر کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔

تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن جماعتوں کے 86ارکان نے دستخط کئے ہیں، جو کہ قومی اسمبلی کے کل ارکان کے 20فیصد سے زائد بنتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماداسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 95کی کلازوں کے تحت جمع کروائی گئی ہے۔

نوٹس اور ریکوزیشن کے ساتھ ان ارکان قومی کی فہرست بھی لف کی گئی ہے جنہوں نے تحریک عدم اعتماد پر دستخط کئے ہیں۔ ریکوزیشن جمع کروانے کے14روز کے اندر اسپیکر قومی اسمبلی ،قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔