اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں ناکامی ہو گی ،پھرکہیں گے تھرڈایمپائرنے ہرایا،شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں ناکامی ہو گی، عدم اعتماد کیلئے 172 افراد اپوزیشن نے لے کر آنے ہیں، ہاریں گے تو کہیں گے تھرڈ ایمپائر نے ہرایا،

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آزاد خارجہ پالیسی چلا رہے ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے خطرات ہیں، آپ کیسے ملک چلائیں گے۔ جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاسکتے، ہم پیپلز پارٹی والوں کیلئے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، انہوں نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کیلئے راستہ بدلا یہ اچھی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ اپوزیشن کے بندے پورے ہوگئے ہیں، بندے تو سارے اللہ کے ہیں، 172 آدمی اپوزیشن نے لانے ہیں، شور کس بات کا ہے،ناکامی آپ کا مقدر ہے، آپ کی سوئی تھرڈ امپائر کی جانب چلی جائے گی اور کہیں تھرڈ ایمپائرنے ہرایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں، عمران خان اس بحران سے نکلیں گے، شکر ہے آپ خود کہہ رہے ہیں ایمپائر نیوٹرل ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی طاقتیں ملک میں عدم استحکام چاہتی ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، معاشی بحران کا امکان ہے، اپوزیشن بتائے کس طرح اس ملک کو چلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی، 23 مارچ کو تاریخی پریڈ ہے جس میں جے 10 سی بھی فلائی پاسٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار اس ملک میں سامراج کے خلاف آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسپیکر کے خلاف آئیں یا وزیراعظم کے خلاف، یہ ہاریں گے، ہمیں ووٹوں کا تقسیم ہونا سوٹ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 2023 میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مقابلہ ہوگا،یہ عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ہوگی، اپوزیشن پر عدم اعتماد ہوگا،عمران خان ان ساروں کو ایک ہی ٹوکرے میں بند کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک زلزلے، سیلاب اور بیماریوں سے نہیں انتشار سے تباہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا، 6 ملزمان تک پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آزاد خارجہ پالیسی چلا رہے ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے خطرات ہیں، آپ کیسے ملک چلائیں گے۔ جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے ۔