اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان سے رابطے کا ٹاسک دے دیا ، عمران خان نے کہا ہے کہ یہ مافیا ہیں، چور ہیں اور کرپٹ لوگ ہیں،عدم اعتماد والے شوق پورا کرلیں، ان کا ایجنڈا ہم ناکام بنائیں گے ان کا جو جی چاہتا ہے کریں، ہماری تیاری اور نمبر گیم پوری ہے۔ہماری جمہوری حکومت ہے اس کو کوئی خطرہ نہیں، جن کو مقدموں کا خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے کبھی بھی انقلاب نہیں لاسکتے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کور کمیٹی کے اجلاس میںملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے پارلیمانی امور کے حوالہ سے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ جہانگیرترین اور عبدالعلیم خان کے معاملہ کو دیکھیں اور ان سے ملاقات بھی کریں اور معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ معاملات مزید خراب نہ ہوں جبکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حوالہ سے آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کی اوراس حوالے سے اپنے وژن سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے اپنی قانونی ٹیم سے کہا کہ وہ بل کی تیاری جلد ازجلد مکمل کریں تاکہ اسے قومی اسمبلی میں پیش کیا جاسکے۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مزید کرنے کی ہدایت کی ہے۔