کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے شانتی نگر کچی آبادی میں 6منزلہ عمارت بنانے کے کیس میں ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) پراظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کچی آبادی محکمہ تو ایس بی سی اے سے بھی زیادہ کرپٹ ہے۔
جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے سندھ ہائیکورٹ میں شانتی نگر کچی آبادی میں 6منزلہ عمارت بنانے کے کیس کی سماعت کی ۔سندھ ہائی کورٹ نے کیس میں ریمارکس دیئے کہ ڈی جی صاحب قابل افسران لگائیں، آپ لوگ صرف تماشا دیکھ رہے ہیں،ایک عمارت گرے گی تو50لوگ مریں گے۔
ایس بی سی اے نے عدالت کو بتایا کہ کچی آبادیوں میں کارروائی محکمہ کچی آبادی کا اختیار ہے،اس پر عدالت نے کہا کہ کچی آبادی محکمہ تو ایس بی سی اے سے بھی زیادہ کرپٹ ہے۔وکیل ایس بی سی اے نے کہا کہ کچی آبادیوں میں ہم کارروائی نہیں کرسکتے، ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ایک دوسرے پر ذمہ داریاں مت ڈالیں۔
اس موقع پر عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے کوحکم دیا کہ شاہ لطیف سینٹر، اسکیم 24گلشن اقبال میں فوری کارروائی کرے، عدالت نے 12 اپریل تک رپورٹ طلب کرلی۔