سپریم کورٹ ، فیصل واوڈا کی نااہلی پر حکم امتناع دینے کی درخواست مسترد


اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصل واوڈا کی نااہلی پر حکم امتناع دینے کی درخواست مسترد کردی۔

منگل کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کی نااہلی کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے فیصل واوڈا کی حکم امتناع دینے اور کیس کو سینیٹ الیکشن سے پہلے سننے کی درخواستیں مسترد کردیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطابندیال نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کا کنڈکٹ ہمارے سامنے ہے، بظاہر فیصل واوڈا نے جھوٹا بیان حلفی دیا اور کیس کو بہت لٹکایا ہے، انہوں نے ووٹ ڈال کر پھر استعفیٰ دیا۔

فیصل واوڈا کے وکیل نے کہا کہ سزائے موت بھی ہائیکورٹ کی منظوری کے بغیر نہیں ہوتی، الیکشن کمیشن کے پاس تاحیات نااہل کرنے کا اختیار نہیں۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ یہ نااہلی کا کیس ہے سزائے موت کا نہیں، جس اختیار کے تحت الیکشن کمیشن نے نااہل کیا اس میں اپیل کا حق نہیں ہے، عدالت نے واضح کیا تھا جھوٹے بیان حلفی کے نتائج بہت سنگین ہونگے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ جائزہ لینگے الیکشن کمیشن منتخب نمائندوں کو تاحیات نااہل کر سکتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔