بلاول کی تقریر لکھنے والے عقل کو ہاتھ ماریں، شہباز گل


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ بلاول کی تقریر لکھنے والے عقل کو ہاتھ ماریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں  ڈاکٹر شہباز گل نے بلاول بھٹو زرداری پر شدید تنقید کی ہے۔اپنے پیغام میں شہباز گل نے کہا کہ یہ میرے نانا کی سٹیل مل ہے۔ میرے باپ نے اسے سسرال کا مال سمجھ کر لوٹا،اتنا لوٹا کہ یہ تباہ برباد ہو کر بند ہو گئی لیکن پی ٹی آئی سے حساب لوں گا کہ انہوں نے اس کو بحال اور منافع بخش کیوں نہ بنایا۔اب دوبارہ الیکشن جیت کر میں اس کا دروازہ کھولوں گا اور باقی ماندہ لوٹ مار کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اتنا بے وقوف ہوں کہ مجھے لگتا ہے زیادہ تر پاکستانی عوام Schizophrenia کی مریض ہے، اور اگر ایک ڈاکو کا بیٹا اپنے آپ کو مسیحا بیان کرے گا تو بیچارے پاکستانی مان جائیں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ مارش میلو سے بنے ہوئے سنتھیٹک لیڈر صاحب کا دماغ سٹیا گیا ہے، آپکی تقریر لکھنے والے عقل کو ہاتھ ماریں۔