اسلام آباد(صباح نیوز)یوکرین سے درجنوں پاکستانیوںکو پولینڈ منتقل کردیا گیاجن کو لینے کیلئے پی آئی اے کی دوپروازیں کل (اتوار کو ) روانہ ہوں گی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ یوکرین نے 35پاکستانی طلبا کو پولینڈ منتقل کردیا۔ طلبا پولینڈ میں سرحد کے قریب قائم کیمپ میں پہنچ گئے۔طلبا کی آمد کے بعد سے پولینڈ میں پاکستان کا سفارتخانہ طلبا کو اب وارسا پہنچانے کے انتظامات کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر ہونے والے حملے کے بعد دو ہزار سے زائد پاکستانی طالب علم اور شہری یوکرین میں محصور ہیں، جنہوں نے اپنی بحفاظت وطن واپسی کے لیے حکومت سے درخواست بھی کی تھی۔ یوکرین میں قائم پاکستان سفارت خانے نے اس درخواست پر وہاں پھنسے تمام پاکستانی طلبا کو ملک سے نکلنے کے لیے فوری طور پر ٹرنوپل شہر پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ اسی ضمن میں پی آئی اے نے یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔
کل ( اتوار) کے روز دو پروازیں پاکستان سے پولینڈ روانہ کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ۔بڑے جہازوں کے آپریشن کے لیے یوکرین پولینڈ سرحد کے قریب شہروں خصوصا لبلن ائیرپورٹ پر انتظامات ناکافی ہیں اس لیے پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی تاہم پروازوں کی حتمی روانگی لوگوں کے پولینڈ پہنچنے کے بعد ہوگی۔پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ تمام ایسے افراد سے رابطہ کررہا ہے اور انہیں معلومات مہیا کررہا ہے، پی آئی اے کی انتظامیہ، وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتی عملے سے مکمل رابطے میں ہے۔