یوکرین میں پھنسے 35 طلبا کو نکال لیا گیا،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد(صباح نیوز)یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے بحفاظت انخلا کے لیے آپریشن جاری ہے جس کے تحت 35 طلبا کو پولینڈ کی سرحد سے ملحقہ ایک کیمپ میں پہنچا دیا گیا ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوکرین میں زیر تعلیم 35 پاکستانی طلبا پولینڈ سے متصل ایک سرحد پر قائم کئے گئے کیمپ میں پہنچادیئے گئے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پولینڈ میں پاکستانی سفارت خانہ انہیں وارسا پہنچانے کے لیے انتظامات کررہا ہے۔عاصم افتخار احمد کے مطابق یوکرین کے علاقے خارکیف سے مزید 30 سے 40 پاکستانی طلبا بذریعہ ٹرین   پولینڈ کی سرحد پر پہنچیں گے۔

روس اور یوکرین میں جاری جنگ کے باعث پاکستان کی درخواست پر پولینڈ نے پاکستانیوں کے لیے 8 بارڈر کرانسنگ پوائنٹس کھول دئیے۔ پاکستانی سفارت خانے کی مدد سے 35 طلبہ پولینڈ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔خرکیف میں سفارت خانے میں موجود طلبہ کو ٹرین کے ذریعے پولینڈ بھیجا گیا ہے۔

خرکیف میں موجود مزید 65پاکستانیوں کو  کل پولینڈ بھیجا جائے گا۔پولینڈ نے ابتدا میں ایک کراسنگ پوائنٹ سے پیدل داخلے کی اجازت دی تھی تاہم اب پاکستان کی درخواست پر 8بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھول دئیے گئے ہیں۔

دوسری جانب قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک اور یوکرین میں پاکستانی سفیر کے درمیان رابطہ ہوا جس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی محفوظ مقام پر منتقلی اور وطن واپسی سے متعلق گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق تمام پاکستانی طالب علم یوکرین کے شہر ٹرنوہل میں یکجا ہوں گے، ٹرنوبل میں سفارتخانہ زمینی راستے سے پولینڈ تمام طلبا کو منتقل کرے گا۔اس کے بعد پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ پولینڈ سے طلبہ کو وطن واپس پہنچائے گا۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کا کہنا ہے کہ طلبہ کے پولینڈ پہنچتے ہی پرواز روانہ کردی جائے گی، ہم وطنوں کو واپس پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

علاوہ ازیں پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پولینڈ نے کورونا پاندیاں معطل کردی ہیں، پاکستانی شہری 15 روز میں پولینڈ میں داخل ہوسکتے ہیں۔