سیاہ حکومت سیاہ قوانین کے ذریعے عدم اعتماد سے بچ نہیں سکتی،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیکا سمیت تمام کالے قوانین کے خلاف ہر فورم پر جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیاہ حکومت سیاہ قوانین کے ذریعے عدم اعتماد سے بچ نہیں سکتی۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کالے قوانین بھی کالی حکومت کے ساتھ رخصت کریں گے، سیاہ حکومت سیاہ قوانین کے ذریعے عدم اعتماد سے بچ نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جانے سے ہی پارلیمنٹ کے دروازے پر لگا تالا کھلے گا، عمران خان جتنی مرضی کرسیاں الٹائیں، قالین اکھاڑیں، کالے قانون جاری کریں، آپ کی کرسی الٹنے سے نہیں بچ سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ معزز عدالت نے ہمارے وکیل منصور صاحب کو عدالتی معاون مقرر کیا ہے، مقدمے کی سماعت کے دوران وہ ہمارے موقف کو بیان کردیں گے، حکومت اتنی خوفزدہ ہے کہ پارلیمنٹ کو مفلوج بنا کررکھ دیا ہے۔