پاکستان کسی بلاک کا حصہ نہیں، سب کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں،معید یوسف


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بلاک کا حصہ نہیں، تمام ممالک کو پاکستان کی اہمیت کا پتہ ہے، سب کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کسی بلاک کا حصہ نہیں، امریکہ کے ساتھ تعلقات صرف اس بات پر قائم نہیں کہ فون کال ہوئی یا نہیں، ہر سطح پر امریکہ کے ساتھ روابط قائم ہیں، رواں ہفتے میری خود امریکی حکام سے بات ہوئی، وزیر خارجہ کی بھی بات ہوتی رہتی ہے، آرمی چیف اور ملٹری ٹو ملٹری بھی رابطہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات آگے چل رہے ہیں، اگر تناؤ آئے گا تو ہم اپنے مفادات کو مدنظر رکھیں گے، پاکستان ایکسکلوسو اتحادوں کے خلاف ہے، امریکی انڈو پیسفک اسٹریٹجی میں ہونا پاکستان کا حق ہے، اگر پاکستان تنہا کیا گیا تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ ٹھیک نہیں ہے، پاکستان سب کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہے، امریکہ کے ساتھ پاکستان کا تعلق اب افغانستان سے آگے چلا گیا ہے، بہتری آرہی ہے، امریکہ کے ساتھ مشترکات پر کام ہو رہا ہے۔