وزیراعظم ،روسی صدر کے درمیان کریملن ماسکو میں ملاقات


ماسکو(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ماسکو میں معاونین کے بغیر ملاقات ہوئی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی معاملات کے کثیر جہتی ایجنڈے پرغور کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بشمول اقتصادی اورتوانائی کے شعبوں میں تعاون خصوصا پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کاجائزہ لیا ۔ دونوں رہنماوں کے درمیان کے دوران افغانستان کی صورتحال اوراسلاموفوبیا کا موضوع بھی زیربحث آیا،یوکرین میں وقوع پذیر منظر نامے سمیت علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ۔روس کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔

میڈیارپورٹس  کے مطابق عمران خان اور پیوٹن کی ملاقات روس کے صدارتی محل کریملن میں ہوئی جو تین گھنٹے جاری رہی۔ اس دوران دونوں رہنماوں نے ورکنگ لنچ بھی کیا ۔کریملن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان باہمی تعلقات ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماوں میں توانائی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا۔ اس ملاقات کے دوران افغانستان کی صورت حال اور اسلامو فوبیا پر بھی بات چیت ہوئی،

اس سے قبل کریملن میں آمد پرروس کے صدر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا ۔وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطحی وفد بھی گیا ہے جس میں وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی ، چوہدری فواد حسین، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرتجارت عبدالرزاق دائود، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور قومی اسمبلی کے رکن امیرمحمود کیانی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز روس کے دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچے تھے جہاں ان کا ریڈکارپٹ  استقبال کیا گیا تھا، ماسکو ائیر پورٹ پر وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ، روس کے نائب وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔بعد ازاں وزیراعظم نے دوسری عالمی جنگ کے روسی سپاہیوں کی یادگار پر پھول رکھے ۔

وزیراعظم عمران خان کی روسی نائب وزیراعظم سے ملاقات 

 وزیراعظم عمران خان اور روسی نائب وزیراعظم کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی جب کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔