ابوظہبی(صباح نیوز)اسرائیل کے وزیر خارجہ گیدون سار نے متحدہ عرب امارات کا غیر معمولی دورہ کرتے ہوئے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بھی زید النہیان سے ملاقات کی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے ایک سرکاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے اسرائیلی ہم منصب گیدون سار کے غیر معمولی دورے کے دوران غزہ تنازع میں جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان اور گیدون سار نے غزہ کی پٹی میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران اور جنگ بندی تک پہنچنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ابوظبی میں ہونے والی ملاقات کے بعد بیان میں مزید کہا گیا کہ شیخ عبداللہ نے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کام کرنے کی ترجیح پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے دو ریاستی حل پر مبنی جامع امن کے حصول کے لیے مذاکرات کی بحالی کے لیے سنجیدہ سیاسی افق کو آگے بڑھانے کی فوری ضرورت کا بھی اعادہ کیا۔اسرائیل کے وزیر خارجہ گیدون سار نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں بڑے چیلنجز ہیں لیکن انہوں نے متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب سے ملاقات کے بعد تعاون کے بہتر مستقبل کی امید کا بھی اظہار کیا ہے۔اسرائیل نے مذاکرات کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات فراہم نہیں کیں لیکن گیدون سار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ شیخ عبداللہ کے ساتھ یہ ان کی دوسری ملاقات تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقائی امور کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا، مشرق وسطی میں ہمارے سامنے بڑے چیلنجز ہیں لیکن تعاون اور استحکام کے بہتر مستقبل کے لیے شراکت دار موجود ہیں