بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا دورہ مقبوضہ کشمیر

 سری نگر(کے پی آئی) بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ  تین رزہ دورے پر مقبوضہ کشمیر پہنچ گئے ہیں ۔ منگل کو انہوں نے کٹھوعہ ضلع میں سرحدی علاقے کا دورہ کیا ۔ ان کے  دورے کے سلسلے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں  سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

سرینگر میں پولیس کے سینئر حکام نے میڈیا کو تصدیق کی کہ علاقے میں داخلی اور خارجی راستوں پر بھارتی فوج ، پیراملٹری فورسز اورپولیس کی اضافی نفری تعینات کرکے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پابندیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔  دورے کے موقع پرکسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے پورے کشمیر میں خاص طور پر سرینگر میںسکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ا ضافی چوکیاں قائم کی گئی ہیں، ڈرون کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے اورحساس مقامات پر فورسز اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے۔حکام نے بتایا کہ اہم تنصیبات کی طرف جانے والے راستوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور سرینگر شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے الیکٹرانک سرویلنس سمیت انسانی اور تکنیکی انٹلی جنس کا استعمال کر رہے ہیں۔ رات کی گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔