اسلام آباد (صباح نیوز)اپوزیشن جماعتوں کے حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کے بعد حکومت کے اتحادیوں کا آپس میں بھی رابطہ ہوا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق)سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیربرائے آبی وسائل چوہدری مونس الٰہی اور متحدہ قومی مووومنٹ پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ایم کیوایم اور(ق)لیگ کے رہنمائوں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیوایم کی قیادت نے (ق)لیگ کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔ سید امین الحق کی مونس الٰہی سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے جبکہ ایم کیوایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی بھی مونس الٰہی سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔
ایم کیوایم اور(ق)لیگ کے رہنماؤں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا ہے اور جلد دونوں جماعتوں کی قیادت مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالہ سے مشاورت کرے گی۔
دونوں جماعتوں نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ سیاسی منظرنامے پر مشاورت کے ساتھ چلیں گے ۔