کراچی (صباح نیوز ) صدر مملکت آصف علی زرداری کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھاکہ صدر آصف علی زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی اور صدر مملکت کی حالت بہتر ہے۔ قبل ازیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کو بخار اور انفیکشن کے باعث کراچی کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا کراچی کے نجی ہسپتال میں علاج جاری ہے اور وہ بخار اور انفیکشن میں مبتلا ہیں۔تاہم ذرائع نے کہا کہ صدر آصف زرداری کی طبیعت اب بہتر ہے۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے صدر مملکت کو دبئی منتقل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، انشااللہ وہ جلد ہی مکمل صحتیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری کو گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے پر نوابشاہ سے کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔ صدر مملکت انفیکشن اور بخار میں مبتلا ہونے کے باعث زرداری ہاس نوابشاہ میں پارٹی کارکنوں اور رہنماں عید بھی نہیں مل سکے تھے۔