لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مصری صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہفتہ کو مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خوشحالی، امن اور ترقی کے لیے دعا کی۔وزیر اعظم نے گزشتہ برس دسمبر میں اپنے دورہ قاہرہ کا ذکر کیا جہاں انہوں نے ڈی۔ 8سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مصر کے ساتھ پاکستان کے موجودہ تعاون اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اہم عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مصری صدر نے بھی وزیر اعظم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور اس خوشی کے موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے مصر کی پاکستان کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے مصر کے انسدادِ ہیپاٹائٹس سی پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اس کی کامیابی پر مصری صدر کو مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان کے ہیپاٹائٹس پروگرام میں مصر سے تعاون کی درخواست کی۔ مصری صدر نے کہا کہ عید کے بعد اس حوالے سے مصر کی وزارت صحت کا اعلی سطح وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔